بلوچستان میں جعلی بھرتیوں کا بڑا اسکینڈل بے نقاب‘ 440 افراد جعلی بھرتی

بڑی کارروائی، مرکزی ملزم سمیت کئی گرفتار، اخبارات میں جعلی اشتہار ‘ نجی ٹیسٹنگ سروس ایجنسی بھی ملوث


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی کی انسداد کرپشن پالیسی کے تحت ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان عبد الواحد کاکڑ کی ہدایت پر جعلی بھرتیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بڑی اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ محکمہ انسداد بدعنوانی نے ڈائریکٹر ایجوکیشن (اسکولز) بلوچستان کی شکایت پر کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے تالپور فاؤنڈیشن بلوچستان اور راسکوہ ٹیسٹنگ سروس کے خلاف تحقیقات شروع کیں۔
ٹیم نے جناح ٹاؤن کوئٹہ میں قائم ان اداروں کے دفاتر پر چھاپے مارے، جہاں سے اہم شواہد حاصل ہوئے جن کی روشنی میں یہ انکشاف سامنے آیا کہ محمد حیات تالپور اس فراڈ کا مرکزی کردار ہے، جبکہ اس کے ساتھ شاہ رخ خان اور محمد عارف بھی جعلی بھرتیوں میں شریک پائے گئے۔ تحقیقات کے مطابق تالپور فاؤنڈیشن نے بلوچستان کے مختلف اسکولز کے نام پر 440 سے زائد امیدواروں کو تدریسی آسامیوں پر تقرری کے جعلی آرڈرز جاری کیے۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر ملوث سرکاری افسران کے خلاف بھی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے فراڈی عناصر سے ہوشیار رہیں، اور کسی بھی مشکوک بھرتی یا ادارے کی تصدیق متعلقہ محکمے سے ضرور کریں۔ شکایات کی صورت میں عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ براہ راست ڈائریکٹوریٹ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان سے رجوع کریں۔ میڈیا سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ عوام میں ایسے دھوکہ دہی پر مبنی اقدامات کے خلاف شعور اور آگاہی پھیلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

یہ خبر پڑھیں