مودی پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، پہلگام واقعے میں ہلاک افراد بےگناہ تھے: رانا ثناء اللہ

فیصل آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثناءاللہ نےکہا ہےکہ مودی پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، پہلگام واقعے میں ہلاک افراد بےگناہ تھے، مودی سن لو ، یہ جس میزائل کا ہم نے تجربہ کیا ہے یہ ایٹمی ہتھیار لے جاسکتا ہے۔
فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے سیاسی مشیر نے کہا کہ اپنی سالمیت کی خاطر ہر حد تک جانے کو تیار ہیں ، بھارت اگر گزشتہ تجربے بھول گیا ہو تو آج کا تجربہ یادداشت کے لیے ہے۔بھارت نے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل کیا، مودی پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، پہلگام واقعے میں ہلاک افراد بےگناہ تھے، وزیراعظم نے کہا کہ پہلگام کی تحقیقات کرائیں لیکن بھارت اس کی طرف نہیں آیا۔بھارت کا مقصد ہےکہ پہلگام واقعے کی آڑ میں کشمیریوں پر ظلم کرے،کشمیریوں پر اتنا ظلم 75 سال میں نہیں ہوا جتنا سات آٹھ دنوں میں ہوا، یہ ظلم کشمیریوں کو روک نہیں سکتا وہ حق خودارادیت لے کر ہی رہیں گے۔
وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنااللہ کاامزید کہنا تھا کہ مودی نے آئی ایم ایف سے بھی مطالبہ کیا ہےکہ پاکستان سے معاہدہ کینسل کرے، مودی کی طرح گالم گلوچ بریگیڈ بھی یہی چاہ رہی ہے،گالم گلوچ بریگیڈ آئی ایم ایف کے دفتر کے سامنے احتجاج کرتی ہے۔