پاکستان کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان مودی نے بھارتی فضائیہ کے سربراہ سے ملاقات کی۔

نئی دہلی(قدرت روزنامہ) جموں اور کشمیر میں پہلگام حملے کے بعد بڑھتی ہوئی پاک بھارت کشیدگی کے درمیان، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو ایئر چیف مارشل وی آر چودھری کے ساتھ ایک اہم ملاقات کی، جو مبینہ طور پر تقریباً 40 منٹ تک جاری رہی۔

اگرچہ اس ملاقات کے بعد کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا تاہم بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسے 22 اپریل کو پہلگام حملے کے حوالے سے دیکھا جا رہا ہے جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اس سے قبل 30 اپریل کو بھارتی آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی نے وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول کے ہمراہ وزیر اعظم مودی سے ملاقات کی تھی۔ اسی طرح 3 مئی کو بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش ترپاٹھی نے مودی کے ساتھ ایک گھنٹہ طویل مشاورت کی، جس میں بحریہ کی تیاریوں اور ابھرتی ہوئی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام پر مہلک حملے کے بعد وزیر اعظم مودی نے اپنی رہائش گاہ پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، این ایس اے اجیت ڈوول اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان موجود تھے۔ میٹنگ کے دوران مودی نے کہا تھا کہ مسلح افواج کو اپنے ردعمل کے طریقہ کار، وقت اور مقاصد کا تعین کرنے کی مکمل آپریشنل آزادی ہوگی۔