عرفان خان نیازی لاہور قلندرز سے فتح چھین کر سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کنگز نے پاکستان سپر لیگ میں اپنے روایتی حریف لاہور قلندرز کو چار وکٹوں سے شکست دے دی لیکن اصل کہانی عرفان خان نیازی کی تھی جنہوں نے آخری لمحات میں جارحانہ اور نڈر بیٹنگ سے میچ کا نقشہ بدل دیا۔
21 گیندوں پر 48 رنز کی ان کی طوفانی اننگز نے نہ صرف میچ کا پانسہ پلٹا بلکہ لاہور قلندرز کے غرور کو بھی خاک میں ملا دیا، خاص طور پر ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کے لیے یہ لمحہ کڑوا ثابت ہوا، جن کی کپتانی پر ایک بار پھر سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔
ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 168 رنز کا ہدف ملا۔ جب میچ آخری اوورز میں داخل ہوا تو کراچی کنگز دباؤ میں تھی لیکن عرفان نیازی نے تمام دباؤ کو شکست دی۔
ان کی اننگز میں چھکوں اور چوکوں کی برسات نے شائقین کو دیوانہ بنا دیا اور لاہور کے گیند باز بے بسی سے تکتے رہ گئے۔انہوں نے 21 گیندوں پر 48 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
کراچی کنگز نے ہدف صرف تین گیندیں قبل حاصل کیا، مگر عرفان کی اننگز نے ایک کمزور میچ کو ناقابل فراموش بنا دیا۔
شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں لاہور ایک بار پھر دباؤ میں بکھرتی نظر آئی۔ بارش کے بعد باؤلنگ میں حکمت عملی کا فقدان اور عرفان خان جیسے نوجوان بلے باز کے سامنے بے بسی یہ سب کچھ شاہین کی قیادت پر تنقید کے دروازے کھولتا ہے۔
