انڈین حکومت نے “ڈیلی قدرت” یوٹیوب چینل کو بھارت میں بلاک کردیا

کوئٹہ (ڈیلی قدرت) بھارت کی حکومت نے ایک اور قدم بڑھاتے ہوئے پاکستانی میڈیا کی آزادی پر وار کرتے ہوئے معروف نیوز نیٹ ورک ‘ اخبار “ڈیلی قدرت” کے یوٹیوب چینل کو اپنے ملک میں بلاک کر دیا ہے ‘ اس سلسلے میں یوٹیوب انتظامیہ نے ڈیلی قدرت کو ایک ای میل میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے نیشنل سیکورٹی اور پبلک آرڈر کو بنیاد بناکر ڈیلی قدرت کے یوٹیوب چینل کو اپنے ملک میں بلاک کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق، بھارت میں یوٹیوب صارفین کو اب “ڈیلی قدرت” کا چینل کھولنے پر یہ پیغام موصول ہو رہا ہے کہ “یہ مواد آپ کے ملک میں دستیاب نہیں”۔ بھارتی حکومت کی جانب سے اس بلاک کا کوئی سرکاری مؤقف یا وضاحت تاحال سامنے نہیں آئی۔”ڈیلی قدرت” یوٹیوب چینل پاکستان کے سب سے بڑے یوٹیوب نیوز پلیٹ فارمز میں سے ہے، جو بلوچستان، خیبرپختونخوا، کشمیر اور پاکستان کے دیگر حساس معاملات پر بے باک رپورٹنگ کے لیے جانا جاتا ہے۔حال ہی میں چینل نے پاکستان-بھارت کشیدگی، واہگہ بارڈر کی صورتحال، آرمی چیف کے بیانات، اور بھارتی جارحیت پر حکومت پاکستان اور پاک افواج کے ترجمان کی پریس کانفرنس براہ راست نشر کی تھی ، جو ممکنہ طور پر بھارتی حکومت کی جانب سے بلاک کا سبب بنی ہوں۔
ڈیلی قدرت انتظامیہ نے اپنے ابتدائی ردعمل میں کہا ہے:”ہم بھارت میں پابندیوں سے گھبرانے والے نہیں، سچ کی آواز سرحدوں کی محتاج نہیں۔ ہماری آواز کشمیری عوام اور بھارت کے مظلوموں تک ضرور پہنچے گی۔”
میڈیا ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بھارت میں اظہار رائے کی آزادی پر حملہ ہے، اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ بھارتی حکومت صرف اندرونی میڈیا ہی نہیں، بلکہ سرحد پار سے آنے والی حقائق پر مبنی رپورٹنگ سے بھی خوفزدہ ہے۔
نوٹ: “ڈیلی قدرت” پاکستان میں اپنی نشریات مکمل طور پر جاری رکھے ہوئے ہے اور یوٹیوب کے علاوہ فیس بک، ٹوئٹر، انسٹاگرام اور ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہے۔