بلوچستان ہائی کورٹ کا حکم، 3 ایم پی او کے تحت گرفتار 47 افراد کی رہائی کے احکامات، 7 افراد کی رہائی پر مزید بحث 6 مئی کو ہوگی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان ہائی کورٹ میں ساجد ترین ایڈووکیٹ کے دلائل کے بعد حکومت بلوچستان نے ایڈووکیٹ جنرل کے ذریعے 3 ایم پی او کے تحت گرفتار مزید 47 افراد کی رہائی کے احکامات جمع کرادیے ہیں۔ساجد ترین ایڈووکیٹ کی پٹیشن کے مطابق اب صرف 7 افراد رہ گئے ہیں جن کی رہائی پر مزید بحث کی جائے گی۔ ان افراد میں مہرنگ بلوچ، بیبو بلوچ، گلزادی، بیبرگ بلوچ، ماما غفار اور دیگر شامل ہیں، جن کی رہائی کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی۔
حکومت بلوچستان نے عدالت کو بتایا کہ وہ ان 7 افراد کے حوالے سے مزید بحث کرنا چاہتے ہیں۔ ساجد ترین ایڈووکیٹ نے اس پر عدالت کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف وقت کا ضیاع ہے اور اگر عدالت ان افراد کو انصاف نہیں دے سکتی تو وہ اپنا حکم جاری کرے تاکہ وہ سپریم کورٹ میں اس فیصلے کو چیلنج کر سکیں۔چیف جسٹس اعجاز سواتی اور جسٹس عامر رانا نے کیس کی سماعت کی، اور عدالت نے استدعا کے بعد 6 مئی کو سماعت مقرر کی، جس پر باقی 7 افراد کے کیس پر بحث کی جائے گی اور عدالت اپنا فیصلہ سنائے گی۔

WhatsApp
Get Alert