ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: سیمی فائنل کیلئے شعیب ملک اور محمد رضوان فٹ قرار

دبئی(قدرت روزنامہ)قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان اور آل راؤنڈر شعیب ملک شعیب ملک اور محمد رضوان فٹ قرار دے دیے گئے۔پی سی بی اعلامیے کے مطابق میڈیکل پینل نے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور آل راؤنڈر شعیب ملک کو سیمی فائنل کھیلنے کی اجازت دے دی، آسٹریلیا کے خلاف دونوں کھلاڑی ایکشن میں ہوں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان ٹیم کے دو قابل اعتماد بیٹسمین شعیب ملک اور محمد رضوان فلُو میں مبتلا ہوگئے تھے، انہیں معمولی بخار بھی تھا تاہم ان کی کووڈ ٹیسٹ کی رپورٹ کلیئر آئی تھی، البتہ ڈاکٹر نے انہیں آرام کا مشورہ دیاتھا۔
مینیجر منصور رانا کا کہنا تھا کہ دونوں کھلاڑی بہت بہتر محسوس کر رہے ہیں، میڈیکل پینل دوپہر (یو اے ای ٹائم) میں دونوں کھلاڑیوں کا دوبارہ جائزہ لے گا، معائنے کے بعد پی سی بی میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کر دے گا۔آج کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں شعیب ملک اور محمد رضوان کی جگہ سرفراز احمد اور حیدر علی کو ٹیم میں شامل کیے جانے کے امکانات بھی موجود تھے۔آج کے میچ کی فاتح ٹیم 14 نومبر کو فائنل میں نیوزی لینڈ سے سامنا کرے گی۔