بیٹنگ گیمز پاکستانی اداکاروں کی جعلی ویڈیوز کے ذریعے کس طرح فراڈ کر رہی ہیں، چشم کشا رپورٹ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)گوگل پلے اسٹور پر موجود جعلی موبائل بیٹنگ گیمز پاکستانی اداکاروں کی جعلی اے آئی ویڈیوز کے ذریعے صارفین کو فریب دے رہی ہیں۔
گوگل پلے اسٹور پر موجود کچھ فراڈی موبائل گیمز پاکستانی عوام کو امیر بننے کے جھوٹے خواب دکھا کر دھوکہ دے رہی ہیں۔ ان ایپس کے اشتہارات میں مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ جعلی ویڈیوز کا استعمال کیا جا رہا ہے جن میں مشہور پاکستانی اداکار دکھائے جاتے ہیں، جو درحقیقت ان اشتہارات سے کوئی تعلق نہیں رکھتے۔
ایک اشتہار میں پاکستانی اداکار عمران عباس کی ڈیپ فیک ویڈیو دکھائی جاتی ہے جس میں وہ “Destroy Space Rocks” نامی بیٹنگ گیم کی تعریف کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ اس ویڈیو میں جھوٹے ایزی پیسہ پیمنٹ نوٹیفکیشنز بھی دکھائے گئے ہیں، جو صارفین کو فوری پیسے ملنے کا تاثر دیتے ہیں، حالانکہ ایزی پیسہ کا ان ایپس سے کوئی تعلق نہیں۔ اس ضمن میں ایزی پیسہ سے رابطہ کیا گیا ہے اور ردعمل موصول ہونے پر اپڈیٹ دیا جائے گا۔
موبائل گیم “Deep Space Rocks” کو اب تک پچاس ہزار سے زائد مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے اور گوگل پلے پر اس کی ریٹنگ 4.2 ہے۔ اسے “Xplancerdev” نامی ڈویلپر نے تیار کیا ہے، جس کے دیگر دو ایپس “Nokengo User” اور “Questify” بھی اسٹور پر موجود ہیں۔ اگرچہ ان ایپس کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ یہ بھی فراڈی ہیں یا نہیں، مگر احتیاط کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔
اسی نوعیت کی ایک اور اسکیم میں بھارتی تاجر مکیش امبانی کی جعلی اے آئی ویڈیو دکھائی جاتی ہے تاکہ لوگوں کو جھوٹا اعتماد دلایا جا سکے۔ یہ گمراہ کن اشتہارات یوٹیوب، فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بڑے پیمانے پر گردش کر رہے ہیں۔