ڈالر کی قیمت 174 روپے سے تجاوز کر گئی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ڈالرنے ایک بار پھر اونچی اڑان بھر لی ۔ ڈالر کی قیمت مسلسل اضافے کے بعد 174 روپے سے تجاوز کر گئی۔فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت ایک روپے12 پیسے اضافے کے بعد 174 روپے 10 پیسے پر پہنچ گئی ہے۔ایک ہفتے سے ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافے کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔ گزشتہ روز بھی ڈالر 1 روپے 30 پیسے مہنگا ہو کر172 روپے93پیسے کا ہوگیاتھا۔
گزشتہ چاردنوں میں انٹر بینک میں ڈالر 4 روپے 4 پیسے مہنگاہوچکاہے۔ رواں ہفتے کے آغازسے اب تک ڈالر 4 روپے 50 پیسے تک مہنگا ہواہے۔اس سے قبل ڈالر کی قیمت میں گراوٹ کا سلسلہ جاری رہا تھا۔ جب ڈالر قیمت 170 روپے سے بھی نیچے گر گئی تھی۔فاریکس ڈیلرز کے مطابق ڈالر کی قیمت170 روپے 54 پیسے سے کم ہو کر169 روپے 75 پیسے ہو گئی تھی۔26 اکتوبرکوڈالرکی قیمت نےتاریخی بلندی 175 روپے27 پیسوں کوچھولیا تھا۔
یا د رہے کہ گزشتہ دنوں سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی مالی معاونت کی گئی تھی جس کے بعد روپے کی قدت مستحکم ہوئی تھی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر رواں سال روپے کی قدر میں کمی ہی ریکارڈ کی گئی ہے۔رواں سال کے آغاز سے اب تک ڈالر کی قیمت کی شرح میں 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر مہنگائی ۔ افغانستان کی صورتحال اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ ایسے عوامل ہیں جو پاکستانی کرنسی کی بے قدری اور ڈالر کی قیمت میں اضافے کی وجہ رہے ہیں۔