موسمِ سرما میں روزانہ ایک مُٹھی بُھنے ہوئے چنے کھانے سے کیا ہوتا ہے؟ جانیئے بُھنے ہوئے چنوں کے جادوئی فوائد
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چنے بچے ہوں یا بڑے سب کو ہی پسند ہوتے ہیں یہ نہ صرف مزیدار بلکہ غذائیت سے بھی بھرپور ہوتے ہیں، لیکن ہم میں سے کئی لوگ بُھنے ہوئے چنوں کی افادیت سے لاعلم ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کا استعمال ضرورت کے مطابق نہیں بلکہ موڈ کے مطابق کرتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ہر شخص کو موسمِ سرما میں کم سے کم ایک مٹھی بھنے ہوئے چھلکوں والے چنے روزانہ کھانے چاہیئے، یہ فوائد سے مالا مال اور متعدد صحت سے جڑی شکایات کا قدرتی حل بھی ہیں، موسم سرما میں بھنے ہوئے چنوں کا استعمال کیوں ضروری ہے؟ آیئے اس پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
موسمِ سرما میں روزانہ ایک مٹھی بُھنے ہوئے چنے کھانے کے فوائد
• بُھنے ہوئے چنوں میں موجود غذائیت
چنوں میں اینٹی آکسیڈنٹس اور نمکیات وافر مقدار میں موجود ہوتے ہیں اس کے علاوہ اس میں آئرن، زِنک، میگنیشیم اور فاسفورس بھی شامل ہوتا ہے، چنوں میں وٹامنز بھی بھاری مقدار میں پائے جاتے ہیں جن میں وٹامن سی، وٹامن اے، بی6 اور بی 12 شامل ہیں۔
• نزلہ زکام سے نجات
بھنے ہوئے چنوں کو چھلکوں سمیت کھانا نزلہ زکام سے نجات کے لئے بہترین ہے چنے گرم تاثیر رکھتے ہیں جس کی وجہ سے یہ بلغم اور سینے و معدہ کی فاضل رطوبت کو خشک کرتے ہیں یہی نہیں بلکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ چنے پھیپھڑوں کے لیے نہایت مفید ہوتے ہیں البتہ بھنے ہوئے چنوں پر پانی نہیں پینا چاہئے، تاہم کم از کم دو گھنٹے بعد پانی کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔
• وزن میں کمی
آج کل کی نوجوان نسل کو صحت سے متعلق متعدد شکایات کا سامنا ہے جن میں سے ایک سب سے بڑی شکایت موٹاپا ہے طبی ماہرین کے مطابق بھنے ہوئے چنوں کو اگر روزانہ کی بنیاد پر کم از کم ایک مٹھی یا اس سے تھوڑی زیادہ مقدار میں غذا میں شامل کر لیا جائے تو وزن میں کمی آ سکتی ہے۔
• ہڈیوں کے لئے مفید
اگر کوی شخص دَکھنے میں موٹا ہے لیکن پھر بھی ہڈیوں میں درد کی شکایت ہوتی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ یہ اندرونی طور پر کمزوری کا شکار ہے، چنوں میں کیلوریز کم جبکہ فائبر اور پروٹین کی مقدار بھر پور پائی جاتی ہے، بھنے ہوئے چنوں کا استعمال کمزوری دور کر کے انسانی جسم کو صحت مند اور توانا رکھنے میں بھی مدد کرتا ہے اور ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے۔
• بھوک میں کمی
چنے دیر ہضم ہونی والی غذا ہے جس کے باعث کافی دیر تک بھوک نہیں لگتی اور اس کے استعمال سے جسم کی اضافی چربی بھی ختم ہوتی ہے۔
بھنے ہوئے چنوں کا استعمال کس طرح کرنا چاہیئے؟
ماہرین غذائیت تجویز کرتے ہیں کہ بھنے چنوں کو چھلکوں سمیت کھانا چاہیے، اس طرح استعمال کرنے سے کثیر مقدار میں جسم کو فائبر اور پروٹین حاصل ہوتا ہے، سرد موسم میں چنوں کا استعمال جسم کو بھرپور غذائیت فراہم کرتا ہے۔