پاک چین گہری دوستی ۔۔ چین نے پاک بحریہ کو طاقتور بحری جہاز دے دیا، جانیے یہ بحری جہاز کون کونسی بہترین صلاحیتیں رکھتا ہے؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چین نے پاکستان سے ایک بار پھر اپنی دوستی ثابت کردی۔ خطے کی صورتحال ہو، ملک میں امن سے متعلق کوئی معاملہ ہو یا پھر ترقیاتی منصوبوں سے متعلق کوئی بات ہو چین نے پاکستان کا ہر قدم پر ساتھ دیا۔ اور اس بار چین کی جانب سے پاکستان کو وہ اہم چیز دی گئی ہے جس سے پاک بحریہ کی صلاحیتیں مزید مضبوط ہوسکتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے پہلے ٹائپ 054A/P فریگیٹ پی این ایس طغرل کی کمیشننگ کی تقریب چین کے ہوڈونگ ژہنگوا (HZ) شپ یارڈ میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان کے سفیر معین الحق کی جانب سے بطور مہمان خصوصی شرکت کی گئی۔

چائنا اسٹیٹ شپ بلڈنگ کارپوریشن لمیٹڈ (CSSC) کی طرف سے ڈیزائن اور تعمیر کردہ فریگیٹ کو شنگھائی میں ہونے والی کمیشننگ کی تقریب میں پاک بحریہ کے حوالے کیا گیا۔

ٹائپ 054A/P فریگیٹ کو PNS طغرل کا نام دیا گیا تھا اور یہ PN کے لیے تعمیر کیے جانے والے چار قسم کے 054 فریگیٹس کا پہلا ہل ہے۔ یہ جہاز تکنیکی طور پر بہت جدید ہے جس میں سطح آب، ہوا اور پانی کے اندر فائر پاور کرنے کے علاوہ وسیع پیمانے پر نگرانی کی صلاحیت بھی اس میں موجود ہے۔

اس کے علاوہ ین ایس طغرل جدید ترین کامبیٹ مینجمنٹ اور الیکٹرانک وارفیئر سسٹم کے ساتھ ساتھ اپنے دفاع کی جدید صلاحیتوں سے لیس ہے۔

جدید سیلف ڈیفنس کی صلاحیتوں کے ساتھ جدید ترین جنگی نطام اور الیکٹرانک جنگی نظام سے لیس ہونے کی وجہ سے، ٹائپ 054A/P فریگیٹ انتہائی شدید خطرے والے ماحول میں بیک وقت متعدد بحری جنگی مشنوں کو انجام تک پہنچا سکتا ہے۔