ڈیرہ بگٹی: بھارتی جارحیت کے خلاف عوام کا بھرپور احتجاج، پاک فوج سے والہانہ اظہار یکجہتی

ڈیرہ بگٹی(قدرت روزنامہ)بھارتی جارحیت کے خلاف ڈیرہ بگٹی میں عوامی سطح پر شدید ردِعمل سامنے آیا ہے، جہاں بڑی تعداد میں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور افواجِ پاکستان سے بھرپور یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہروں کے دوران فضا “پاک فوج زندہ باد” کے نعروں سے گونجتی رہی۔
ریلیوں اور جلوسوں میں شریک مظاہرین نے بھارت کی اشتعال انگیزی اور جارحانہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے دشمن کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم، خصوصاً ڈیرہ بگٹی کے عوام، ہر محاذ پر اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔مظاہرین نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے اپیل کی کہ اگر دشمن جنگ مسلط کرتا ہے تو بگٹی قوم کے نوجوان صفِ اول میں لڑنے کے لیے تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وطن کی حفاظت کے لیے ہر بگٹی نوجوان سرحدوں پر جا کر قربانی دینے کو تیار ہے، اور قوم کا بچہ بچہ دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑا ہوگا۔احتجاج کے دوران بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے پتلے کو نذرِ آتش کیا گیا، جو مظاہرین کے شدید غم و غصے کا اظہار تھا۔ مظاہرین نے واضح پیغام دیا کہ پاکستانی قوم اور اس کی بہادر افواج متحد ہیں، اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا