گمراہ کُن پروپیگنڈا بے نقاب ہونے پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس بھی بھارتی جارحیت کی زد میں

نئی دہلی(قدرت روزنامہ)بھارتی میڈیا کی جانب سے مسلسل گمراہ کن پروپیگنڈا اور صحافتی اقدار کی پامالی کے بعد، اب مودی حکومت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بھی اپنی جارحیت کا رخ موڑ دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، بھارتی میڈیا نے ہمیشہ مودی کی نفرت انگیز سیاست اور جھوٹ کا پرچار کیا ہے، جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر ان کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بے نقاب ہونے اور سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل کے بعد بھارتی حکومت شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی ہے۔ اپنی سبکی مٹانے اور سچائی کو دبانے کے لیے مودی حکومت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کو 8000 سے زائد اکاؤنٹس بلاک کرنے کا ایگزیکٹو آرڈر جاری کر دیا ہے۔
ایکس انتظامیہ نے اس حوالے سے ایک سخت بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی حکومت کے اس حکم میں بین الاقوامی میڈیا اداروں اور سوشل میڈیا پر فعال کارکنان (ایکٹیوسٹ) کے اکاؤنٹس پر بھی پابندی شامل ہے۔ ایکس انتظامیہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر بھارتی احکامات میں مواد کی وضاحت اور کوئی قانونی جواز فراہم نہیں کیا گیا ہے۔
ایکس انتظامیہ نے مزید کہا کہ بھارت نے یہ بھی نہیں بتایا کہ اِن اکاؤنٹس نے کون سے بھارتی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ کثیر تعداد میں اکاؤنٹس ایسے ہیں جن کو بند کرنے کی کوئی واضح وجہ نظر نہیں آتی اور ان اکاؤنٹس کی مکمل بندش آزادی اظہار رائے پر ایک سنگین حملہ ہے۔ ایکس انتظامیہ نے اپنے صارفین کو یقین دلایا کہ وہ تمام قانونی راستے تلاش کر رہے ہیں اور صارفین کو بھی مشورہ دیا کہ وہ اپنے حقوق کے لیے عدالت سے رجوع کریں۔
سیاسی ماہرین نے اس صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کے یہ احکامات ان اکاؤنٹس کے خلاف ہیں جو بھارتی حکومت اور فوج کے جھوٹ کو بے نقاب کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایکس اکاؤنٹس کی بندش سے یہ واضح ہوتا ہے کہ مودی پہلگام فالس فلیگ کے بے نقاب ہونے پر کس قدر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ ماہرین نے مزید کہا کہ ایکس اکاؤنٹس کی بندش سے دنیا کی سب سے بڑی نام نہاد جمہوریت بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے، جہاں سچ بولنے کی بھی اجازت نہیں ہے۔