بلوچستان میں غیرت کی جنگ لڑنی ہے، ہمیں خیرات نہیں چاہیے،مولانا ہدایت الرحمن

مستونگ (قدرت روزنامہ)جماعت اسلامی کے رہنما مولانا ہدایت الرحمن نے مستونگ میں الفلاح مسجد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کو مستونگ میں فعال بنانے اور عوامی سطح پر دعوت دینے کے لئے مشاورت کی گئی ہے۔ انہوں نے ضلع مستونگ کے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور اپنی افرادی قوت میں اضافہ کریں تاکہ بلوچستان کے مسائل کو حل کیا جا سکے۔مولانا ہدایت الرحمن نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے وسائل کو اسلام آباد کی جانب منتقل کیا جا رہا ہے اور یہاں کے لوگوں کو صرف خیرات کی شکل میں کچھ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ہم بھوکا سو سکتے ہیں مگر بے غیرتی کی زندگی نہیں گزار سکتے”۔ انہوں نے بلوچستان کی شاہراہوں کی حالت پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ عوام اور حکمران دونوں ہی سکیورٹی کے خطرات کا شکار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی یہ تحریک چلا رہی ہے کہ بلوچستان کے عوام کو ان کے حقوق دیے جائیں اور غیرت کی جنگ میں یکجا ہو کر اپنے مسائل حل کرنے کے لئے جدوجہد کی جائے۔