سونا سستا ہوگیا، پاکستان میں قیمتوں میں نمایاں کمی، نئی قیمت کیا ہے؟

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے دن بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ رواں ہفتے کے آغاز میں ریکارڈ بلند سطح پر پہنچنے کے بعد جمعرات کے روز مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں واضح کمی واقع ہوئی۔
آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 4200 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد یہ 356900 روپے سے کم ہو کر 352700 روپے میں فروخت ہوا۔
اسی طرح 24 قیراط 10 گرام سونا 3601 روپے سستا ہو کر 305984 روپے سے کم ہو کر 302383 روپے پر آ گیا۔ دوسری جانب 22 قیراط 10 گرام سونے کی قیمت میں 3301 روپے کی کمی ہوئی جس کے بعد یہ 280495 روپے سے کم ہو کر 277194 روپے ہو گئی۔
چاندی کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ فی تولہ چاندی 65 روپے سستی ہو کر 3417 روپے پر آ گئی، جبکہ 10 گرام چاندی 56 روپے کی کمی سے 2929 روپے میں فروخت ہوئی۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں نمایاں کمی ہوئی، جہاں فی اونس سونا 42 ڈالر سستا ہو کر 3385 ڈالر سے کم ہو کر 3343 ڈالر پر آ گیا۔ چاندی کی بین الاقوامی قیمت بھی صفر اعشاریہ 65 ڈالر کی کمی سے 32.35 ڈالر پر بند ہوئی۔
یہ کمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں کمی، ڈالر کی عالمی سطح پر بہتری اور دیگر مالیاتی عوامل کے باعث سامنے آئی ہے، جو سونے کی قیمتوں پر براہ راست اثر انداز ہوتے ہیں۔