عمران خان کی زندگی کو بھارتی وزیراعظم مودی، اسٹیبلشمنٹ اور موجودہ حکمرانوں سے خطرہ ہے، فوری پیرول پر رہاکیا جائے،لطیف کھوسہ

ہم نے عدالت میں عمران خان کی رہائی کیلئے درخواست دیدی ہے ، دو سالوں سے عدالتیں بے بس نظر آرہی ہے مگر اس کے باوجود ہم انصاف کا دامن نہیں چھوڑیں گے ،میڈیا سے گفتگو


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی رہنما ممبر قومی اسمبلی ایڈووکیٹ لطیف احمد کھوسہ نے کہا ہے کہ بانی ٹی آئی عمران خان کی زندگی کو بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی، اسٹیبلشمنٹ اور موجودہ حکمرانوں سے خطرہ ہے ۔جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے عدالت میں درخواست جمع کروا دی گئی ہے۔ان کی زندگی کو خطرہ ہے انہیں فوری پیرول پر رہاکیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان امت مسلمہ اور پاکستان کا لیڈر ہے۔
اڈیالہ جیل میں ان کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جنگ شروع ہو چکی ہے اب عمران خان کو جیل میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔نو مئی اور 26 نومبر جیسے جھوٹے مقدمات بنا کر عمران خان پر مقدمات بنائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کی زندگی کو کوئی حادثہ پیش آیا تو پورے ملک میں امن قائم نہیں رہ سکے گا۔پاکستان کے 95 فیصد لوگ عمران خان کے ساتھ ہیں،موجودہ حکمران فارم 47 کی پیداوار ہیں۔انہیں اسٹیبلشمنٹ نے پاکستان کے 25 کروڑ عوام پر مسلط کر دیا گیاہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان واحد شخصیت ہے جو پاکستان کے 25 کروڑ عوام کو یکجا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے اتحادکو اگر ناقابل تسخیر بنانا ہے تو فوری طور پر عمران خان کو رہا کیا جائے،انہوں نے کہا کہ ہم نے عدالت میں درخواست دیدی ہے کہ عمران خان کو رہائی ملنی چاہیے،انہوں نے کہا کہ اگرچہ کے دو سالوں سے عدالتیں بے بس نظر آرہی ہے مگر اس کے باوجود ہم انصاف کا دامن نہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ دوستیاں ہی نہیں بلکہ رشتہ داریاں بھی ہیں،یہ لوگ کبھی بھی پاکستان کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معذرت خواہانہ لہجہ ترک کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کو کچھ ہوا تو پاکستان کے 25 کروڑ عوام کسی کو نہیں چھوڑیں گے۔

WhatsApp
Get Alert