وزیر اعظم کا سیاسی رہنماؤں سے رابطہ، آپریشن ”بنیان مرصوص“ پر اعتماد میں لیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک کی موجودہ صورتحال اور بھارت کے خلاف کامیاب جوابی کارروائی ”آپریشن بنیان مرصوص“ کے تناظر میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطے کیے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان، ایم کیو ایم کے خالدمقبول صدیقی، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان، بلوچستان عوامی پارٹی کے خالدمگسی اور مسلم لیگ (ق) کے چوہدری سالک حسین سمیت دیگر اہم رہنماؤں سے مشاورت کی۔
وزیر اعظم نے رہنماؤں کو بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی عسکری حکمت عملی اور جوابی اقدامات پر اعتماد میں لیا، جبکہ سیاسی قیادت نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور جرأت مندانہ ردِعمل کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔تمام سیاسی رہنماؤں نے قومی یکجہتی، ملکی سلامتی اور افواج پاکستان کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیا۔
وزیر اعظم نے رہنماؤں کو بتایا کہ الحمدللہ! افواج پاکستان نے بھارت کو بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان پر میزائل اور ڈرون حملے کیے، جس کے باوجود پاکستان نے تحمل سے کام لیا اور پہلگام واقعے پر غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی، لیکن بھارت نے اسے مسترد کر دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بھارت نے نور خان ایئربیس سمیت متعدد مقامات پر نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا، جس کا پاک افواج نے انتہائی مؤثر اور کامیاب جواب دیا۔ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران بھارت کی وہ ملٹری تنصیبات نشانہ بنائی گئیں جن سے پاکستان پر حملے کیے گئے تھے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں اپنی بہادر افواج پر فخر ہے اور پوری قوم کو کامیاب جوابی کارروائی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے سیاسی قیادت کا واضح الفاظ میں ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ قومی اتحاد کی علامت ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف آج شام قوم سے اہم خطاب کریں گے، جس میں حالیہ صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق قوم کو اعتماد میں لیں گے۔