افواج پاکستان نے چند گھنٹوں میں بھارتی فوج کو ایکسپوز کردیا : عظمیٰ بخاری

لاہور (قدرت روزنامہ)وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ “آپریشن بنیان مرصوص” دنیا کی تاریخ کا کامیاب ترین آپریشن ہے، جس نے پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کو دنیا کے سامنے نمایاں کر دیا۔پاکستانی فوج نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ دنیا کی بہترین اور پروفیشنل ترین افواج میں سے ہے۔افواجِ پاکستان کے کارنامے سنہری حروف میں لکھے جائیں گے۔
وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے صبر کو کمزوری سمجھا، مگر ہماری پُرعزم اور ذمہ دار قیادت نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ پچھلے چار سے پانچ دنوں سے بھارت مسلسل جھوٹ اور پروپیگنڈے کے ذریعے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کر رہا تھا، لیکن پاکستانی فوج نے صرف چار گھنٹوں میں دشمن کو مؤثر جواب دے کر خاموش کر دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے دن کے اجالے میں بھارت کو جواب دیا، جو ہمارے اعتماد اور شفافیت کا ثبوت ہے۔ “الحمدللہ، پاکستان کے تمام طیارے محفوظ ہیں، اور افواجِ پاکستان نے چند گھنٹوں میں بھارتی فوج اور اس کے بیانیے کو مکمل طور پر ایکسپوز کر دیا ہے۔انہوں نے پاکستانی میڈیا کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ وہ خراجِ تحسین کا مستحق ہے، کیونکہ اس نے بھارتی میڈیا کو صحافتی قواعد و ضوابط سکھا دیے ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ جو بھارتی میڈیا 5 دنوں سے جھوٹ بول رہا تھا، آج وہی میڈیا پاکستان کی برتری کو تسلیم کر رہا ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مودی کا جنگی جنون آخرکار اسی کے گلے پڑ گیا ہے، اور اب دنیا بھارت کی جنگی جارحیت اور جھوٹے پروپیگنڈے کو پہچان چکی ہے۔