گوادر میں گھر پر دستی بم حملہ تین افراد زخمی،پولیس مقابلے میں حملہ آور ہلاک، پویس اہلکار جام شہادت نوش کرگیا

گوادر(قدرت روزنامہ ) گوادر میں ایک گھر پر دستی بم حملے میں تین افراد زخمی ہوگئے جبکہ پولیس کی فوری کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا ، ایک اہلکار بھی شہید ہوگیا۔ بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے بتایا کہ دہشت گردوں نے گوادر میں بلال مسجد کے قریب ایک گھر پر دستی بم پھینکا جس کے نتیجے میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے تین افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فرار ہونے کی کوشش کرنے والے حملہ آوروں کو گھیر لیا۔ ترجمان نے کہا کہ پولیس نے فرار ہونے والے حملہ آوروں کو پکڑ لیا اور فائرنگ کے تبادلے میں ان میں سے ایک مقابلے میں ہلاک ہوگیا، جب کہ دوسرا زخمی ہوا ہے۔حکومتی ترجمان نے کہا کہ پولیس اہلکار محمد خماری فرض کی ادائیگی کے دوران شہید ہوئے، ہلاک حملہ آور کی شناخت شاہجہان، زخمی کی شہزاد کے نام سے ہوئی ہے۔