معرکۂ حق میں شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں کے ورثا ءکو 1 کروڑ ، زخمیوں کو 10 سے 20 لاکھ روپے دیئے جائیں گے

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم نے معرکۂ حق کے دوران شہید ہونے والوں کیلیے پیکیج کا اعلان کردیا۔

ش’’ایکسپریس نیوز ‘‘کے مطابق وزیراعظم کے اعلان کے تحت معرکۂ حق میں شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں کے ورثاء کو 1 کروڑ جبکہ زخمی ہونے والوں کو 10 سے 20 لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔پاک افواج کے شہداء کے ورثاء کو رینک کے حساب 1 کروڑ سے 1 کروڑ 80 لاکھ روپے کی رقم شہداء پیکیج کے تحت دی جائے گی۔

پاک افواج کے شہداء کے ورثاء کو گھر کی سہولت کے لیے رینک کے حساب سے 1 کروڑ 90 لاکھ سے 4 کروڑ 20 لاکھ روپے تک دیئے جائیں گے جبکہ پاک افواج کے شہداء کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک ان کی مکمل تنخواہ بمعہ الاؤنسز جاری رہیں گی۔اعلامیے کے مطابق پاک افواج کے شہداء کے بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم دی جائے گی جبکہ ہر شہید کی ایک بیٹی کی شادی کے لیے 10 لاکھ روپے کی میرج گرانٹ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ پاک افواج کے زخمی ہونے والوں کو 20 لاکھ روپے سے 50 لاکھ روپے فی کس دیئے جائیں گے۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ بھارتی حملے میں متاثر ہونے والے گھروں، شہید مساجد کی تعمیر وفاقی حکومت کرے گی، شہداء کے بچوں کی کفالت حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ہم یہ فرض پورا کریں گے۔ زخمیوں کے علاج کا تمام خرچ وفاقی حکومت اٹھائے گی، پاکستان کی عزت وعظمت کے تحفظ اور دفاع میں جس نے جس محاذ پر جو خدمات سر انجام دی ہیں، ان کا اعتراف قومی سطح پر کیاجائے گا اور انہیں اعزازات سے نوازا جائے گا۔