”ایسا حوصلہ کہیں اور نہیں دیکھا“؛ دورانِ جنگ پاکستانیوں کے رویئے پر امریکی یوٹیوبر حیران

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاک، بھارت کشیدگی میں شدت کے دوران، معروف امریکی وی لاگر ڈریو بِنسکی کو پاکستانی عوام کے بے خوف اور مہمان نواز رویئے نے حیران کردیا۔
نجی ٹی وی’’ ایکسپریس نیوز‘‘ کے مطابق وی لاگر ڈریو نے اپنی ویڈیو میں کہا کہ وہ پاکستان میں ہے لیکن نہ صرف محفوظ ہے بلکہ یہاں کے لوگوں، مناظر اور مہمان نوازی سے خاصا متاثر ہے۔ڈریو بنسکی نے پاک ،بھارت کشیدگی کے دوران بنائی گئی اپنی ویڈیو شیئر کی، جس میں یوٹیوبر نے شمالی پاکستان میں کشمیر کے قریب موجود ہونے کی تصدیق کی۔
یوٹیوبر کے مطابق وہ دراصل اسلام آباد سے امریکہ واپسی کا ارادہ رکھتا تھا مگر بھارت کی جانب سے جنگی جنون اور اشتعال انگیزی کے بعد پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے سے وہ سفر نہ کرسکا۔بِنسکی نے کہاکہ ”میں ابھی پاکستان میں پھنس چکا ہوں کیونکہ بھارت کے ساتھ کشیدگی کی وجہ سے تمام ہوائی اڈے بند ہوگئے ہیں لیکن میں محفوظ ہوں، شکر گزار ہوں اور شمالی علاقوں کی مزید کھوج کےلیے پرجوش ہوں۔“
ویڈیو میں پاکستانی شہریوں کا احتجاج بھی دکھایا گیا، جن میں لوگ پرامن طریقے سے بھارتی حملوں کی مخالفت کر رہے تھے۔ ڈریو نے کہاکہ ”یہاں کے لوگ صورتحال سے خاص پریشان نہیں لگ رہے۔ دکانیں کھلی ہیں، زندگی معمول پر ہے، جیسے یہ بس ایک عام دن ہو۔“
امریکی یوٹیوبر کے انداز میں حیرت ضرور ہے لیکن بھارتی حملوں پر تنقید بھی ہے جو نہ صرف علاقائی امن کو خطرے میں ڈال رہے ہیں بلکہ بے گناہ شہریوں کو سفر اور روزمرہ زندگی میں مشکلات میں بھی دھکیل رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت نے مبینہ طور پر ’آپریشن سندور‘ کے تحت پاکستان اور آزاد کشمیر کے نو مقامات پر 24 میزائل داغے تھے، جس کے بعد پاکستان نے دفاعی ردِعمل کے طور پر مغربی سرحد پر ڈرونز اور دیگر ہتھیاروں سے جواب دیا۔ڈریو بِنسکی نے امن کی پرزور اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ”جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، یہ کوئی فلم نہیں، اصل زندگی ہے۔ امن بناؤ، جنگ نہیں۔“
امریکی وی لاگر نے یہ بھی بتایا کہ اب وہ زمینی راستے سے کابل جانے اور وہاں سے پرواز پکڑنے کا ارادہ رکھتا ہے۔یہ بات نہایت قابلِ غور ہے کہ ایک غیر ملکی سیاح جو دنیا کے مختلف حصوں کا سفر کر چکا ہے، پاکستان میں رہتے ہوئے نہ صرف خود کو محفوظ سمجھ رہا ہے بلکہ یہاں کے لوگوں کی بردباری، پرامن رویے اور حالات کو سنبھالنے کی صلاحیت کا بھی اعتراف کر رہا ہے۔
یہ منظرنامہ بھارت کے جنگی بیانیے پر ایک سخت تردید ہے اور دنیا کو یہ دکھانے کے لئے کافی ہے کہ پاکستان امن چاہتا ہے لیکن عزت اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتا نہیں۔