بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی کوششیں، جنید اکبر پارٹی رہنماؤں پر برس پڑے

پشاور (قدرت روزنامہ) بانی پاکستان تحریک انصاف کی رہائی کے لیے جاری کوششوں کے دوران پارٹی کے صوبائی صدر جنید اکبر پارٹی رہنماؤں اور ضلعی کارکنوں پر برس پڑے۔ ایک آڈیو پیغام میں جنید اکبر نے اپنے ہی ضلع کے رہنماؤں اور کارکنوں کو کھری کھری سنا دیں۔

نجی ٹی وی آج نیوز کے مطابق جنید اکبر کا کہنا تھا کہ میرے اپنے ضلع کے لوگ اگر باہر نکل آتے تو اتنی ہتک نہ ہوتی۔ میں ایم این اے ہوں، میرا اپنا ایم پی اے تک ساتھ نہیں دے رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں گروپ میں میسج کرتا ہوں، ایم پی اے جواب ہی نہیں دیتا۔ ہمارے واٹس ایپ گروپ میں 231 لوگ ہیں، وہی اگر باہر آ جاتے تو ہماری کچھ عزت رہ جاتی۔

اپنے بیان میں انہوں نے اس بات کا بھی عندیہ دیا کہ وہ جلد کوئی فیصلہ کر سکتے ہیں۔ جنید اکبر نے کہا، میرا خیال ہے کہ مجھے اب کوئی فیصلہ کرنا ہی ہوگا۔

جنید اکبر کے اس سخت ردعمل کے بعد پارٹی حلقوں میں ہلچل مچ گئی ہے جب کہ کارکنوں کی خاموشی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔