امریکی صدر ٹرمپ کی تجارتی پیشکش پر جنگ بند نہیں کی ، بھارتی حکومت کادعویٰ

بمبئی (قدرت روزنامہ)بھارتی حکومت نے امریکی صدر ڈونلد ٹرمپ کے اس مؤقف کو چار دن کے وقفے کے بعد باضابطہ طور پر رد کر دیا کہ ٹرمپ نے پاکستان کے ساتھ سیز فائر کرنے میں بھارت کی مدد کی تھی۔

اس امر کا اظہار بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے منگل کے روز ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کیا ہے۔

بھارتی ترجمان کا کہنا تھا کہ نئی دہلی میں اعلیٰ قیادت واشنگٹن میں امریکہ کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ پچھلے ہفتے رابطے میں تھی۔ یہ رابطے بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی اورجنگی ماحول کی وجہ سے تھے۔ تاہم ترجمان نے کہا اس معاملے میں بھارت اور امریکہ کے درمیان تجارتی امور سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

ترجمان رندھیر جیسوال نے امریکی نائب صدر جے ڈی وانس اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان ہونے والی بات چیت کے علاوہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور جے شینکر کے ساتھ ہونے والی بات چیت کاحوالہ دیتے ہوئے یہ بات کہی ہے۔

یہ بات چیت پاکستان اور بھارت کے درمیان ہفتے کے روز ممکن بنائی گئی اس افہام و تفہیم کے بعد کہی گئی ہے جس کے نتیجے میں بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا گیا تھا۔