امریکی پابندیاں متعصبانہ ، اقدامات تجارتی اداروں کیلئے ٹیکنالوجی تک رسائی میں رکاوٹ پیدا کرتے ہیں:اسحاق ڈار

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکہ نے پاکستان کی 19کمپنیوں پر پابندی عائد کی اور ان کمپنیوں پرپاکستان کے سٹریٹجک پروگرام سے تعلق کا الزام تھا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں اسحاق ڈار نے وقفہ سوالات کے دوان تحریری جواب میں کہا کہ امریکی محکمہ خارجہ نے تجارتی پابندیاں عائد کی ہیں، پاکستان نے ان کمپنیوں کے سٹریٹجک پروگرام سے منسلک ہونے کی تردید کی جبکہ ماضی میں بھی اس طرح کے الزامات لگائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی اقدامات تجارت اورتجارتی اداروں کے لئے ٹیکنالوجی تک رسائی میں رکاوٹ پیدا کرتے ہیں، امریکہ کے ایسے متعصبانہ اقدامات اور محرکات سیاسی ہیں۔
اسحاق ڈار کے تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ امریکہ نے مجموعی طور پر 80 کمپنیوں پر پابندی لگائی، ان کمپنیوں میں پاکستان کے علاوہ چین، یواے ای اورجنوبی افریقہ کی کمپنیاں بھی شامل ہیں۔