قومی اسمبلی ‘ حکومت کی انکم ٹیکس ترمیمی بل 2024 منظور کرانے کی کوشش ناکام

وزیر خزانہ کی گنتی میں تحریک منظور ، اپوزیشن نے بروقت کورم کی نشاندہی کرکے بل کی منظوری رکوا دی
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)حکومت کی جانب سے انکم ٹیکس ترمیمی بل 2024 منظور کرانے کی کوشش اپوزیشن کے کورم کی نشاندہی کی وجہ سے کوشش ناکام ہو گئی۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں حکومت کی طرف سے انکم ٹیکس ترمیمی بل 2024منظور کرانے کی کوشش کی گئی، تو اس موقع پر اپوزیشن نے کورم کی نشاندہی کردی ۔دورانِ اجلاس وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب کی گنتی میں تحریک تو منظور ہوگئی ، تاہم اپوزیشن کی جانب سے بروقت نشاندہی پر کورم کی رکاوٹ سامنے آ گئی اور انکم ٹیکس ترمیمی بل 2024پر اپوزیشن نے تحریک کی منظوری کے لیے گنتی چیلنج کردی ۔اس وقت حکومتی اتحاد کے 67ارکان ایوان میں موجود تھے جب کہ اپوزیشن کے 32ارکان موجود تھے۔ اپوزیشن نے تحریک منظوری کا بدلہ کورم کی نشاندہی کرکے پورا کرلیا۔بعد ازاں ایوان میں گنتی کی گئی تو کورم پورا نہیں نکلا، جس پر اجلاس میں وقفہ کیا گیا، تاہم حکومت کورم پورا کرنے میں ناکام رہی، جس پر قومی اسمبلی کا اجلاس آج (جمعہ کو) صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔