جے یو آئی کا بھی بیرون ملک پاکستانیوں کو ای ووٹنگ کا حق دینے کا مطالبہ

بیرون ملک پاکستانیوں کو پاکستان آکر ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہے، وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کا جواب
اسلام آباد(قدرت روزنامہ )جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی )کی جانب سے بھی بیرون ملک پاکستانیوں کو ای ووٹنگ کا حق دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے ای ووٹنگ اور قومی اسمبلی و سینیٹ میں بیرون ملک پاکستانیوں کو نمائندگی کا مطالبہ سامنے آیا گیا۔وقفہ سوالات کے دوران جے یو آئی کے رکن اسمبلی نور عالم خان نے سوال کیا کہ ہم یہاں اقلیتوں کو تو ایوانوں میں نمائندگی دیتے ہیں، مگر بیرون ملک پاکستانیوں کو کب ای ووٹنگ کا حق دیں گے؟۔وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے جے یو آئی کے رکن اسمبلی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو پاکستان آکر ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایوانوں میں بیرون ملک پاکستانیوں کی نمائندگی سے متعلق یہ دونوں ایوان آئینی طورپر طے کرلیں۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزارت خارجہ کی جانب سے اعتراف کیا گیا ہے کہ پاکستانی پاسپورٹ اس وقت دنیا میں کم ترین درجے پر ہے۔ اس سے قبل پی ٹی آئی کی جانب سے بھی یہ مطالبات سامنے آ چکے ہیں۔