ٹرانسپورٹروں کا 18 مئی سے بلوچستان بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ بند کرنیکا اعلان

خضدار، کوئٹہ(قدرت روزنامہ)آ ل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی اور آل کوئٹہ کراچی کوچز یونین نے 18 مئی سے غیر معینہ مدت کیلئے صوبہ بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ بند کرنے اور خضدار کینٹ کے سامنے احتجاجی دھرنا شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق احتجاج کا مقصد سیکورٹی اداروں کے مبینہ ناروا سلوک، بلاجواز چیکنگ اور عملے کے ساتھ بدتمیزی کیخلاف آواز بلند کرنا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان بھر میں بین الصوبائی اور بین الاضلاعی کوچز اور بسیں مکمل بند رہیں گی، جبکہ کوئٹہ، کراچی سمیت تمام بڑے شہروں میں کوچ کمپنیوں کے دفاتر احتجاجاً بند کر کے تالے لگا دیے جائیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ چیک پوسٹوں پر کوچز اور عملے کے ساتھ مسلسل بدسلوکی اور تاخیر معمول بن چکی ہے، جو ٹرانسپورٹرز کیلئے ناقابل برداشت بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان واحد صوبہ ہے جہاں ہر کلو میٹر پر چیک پوسٹ قائم ہے اور عوام و ٹرانسپورٹرز کی تذلیل کی جا رہی ہے۔ مہنگائی، بےروزگاری، اور بدامنی نے پہلے ہی شعبے کو بحران میں مبتلا کر رکھا ہے، اوپر سے اداروں کی سختیوں نے حالات ناقابل برداشت بنا دیے ہیں۔اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سیکورٹی اہلکاروں کو ٹرانسپورٹ عملے سے بہتر رویہ اپنانے کی ہدایت دی جائے، غیر ضروری چیک پوسٹیں ختم کی جائیں، اور کوچز و عملے کو ذہنی و معاشی اذیت سے بچایا جائے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ اگر مسائل پر فوری توجہ نہ دی گئی تو احتجاج غیر معینہ مدت تک جاری رہے گا۔