کوئٹہ شہر کو پانی کی فراہمی کے لیے مانگی ڈیم پر کام کی رفتار تیز کی جائے، صادق عمرانی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ایکنک) کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا,اجلاس میں بلوچستان سے ایکنک کے ممبر، بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کوئٹہ شہر کو پانی کی فراہمی کے لیے زیر تعمیر مانگی ڈیم پر کام کے رفتار، فزیکل پروگریس اور مالیاتی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا،اس موقع پر اجلاس سے خطاب میں ممبر ایکنک و صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ شہر میں پانی کی قلت پر قابو پانے اور روزمرہ پانی کے ضروریات کو پوری کرنے کے لیے مانگی ڈیم کی مقررہ مدت میں تعمیر پر زور دیا ہےاور اس حوالے سے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی اہم خواہش ہے کہ کوئٹہ جیسے بڑے شہر میں پانی کے حصول کے لیے مانگی ڈیم کی تعمیر جلد مکمل ہو تاکہ عوام کو تکلیف سامنا نہ کرنا پڑے، انہوں نے کہا کہ مارچ 2016 میں مانگی ڈیم کی تعمیر کے لیے 9.334 بلین روپے منظور کیے گئےاور یہ طے پایا کہ ڈیم کی تعمیر پر مجموعی رقم کی لاگت کا 50 فیصد وفاقی حکومت فراہم کرے گا اور باقی 50 فیصد رقم کی فراہمی بلوچستان حکومت کی ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ مذکورہ ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے کمیٹی نے جولائی2022 میں نظر ثانی کرتے ہوئے ڈیم کے فنڈز کو 13.247 ملین روپے کیا جبکہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے 18.994 بلین روپے کی دوسری Revision جمع کروائی ہے,صوبائی وزیر نے کہا کہ مانگی ڈیم کی فزیکل پروگریس 80 فیصد ہے جبکہ مالیاتی پیشرفت 79 فیصد پہنچی ہے انہوں نے کہا کہ مانگی ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 29,530 ایکڑ فٹ ہے جہاں پانی ذخیرہ کرنے کے لیے ٹینک 07 نمبر ہیں اور ڈیم کی اونچائی 61 میٹر ہے جہاں سے کوئٹہ شہر کو یومیہ 8.1 ملین گیلن پانی کی فراہمی کی جائے گی۔