آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر آج ملک بھر میں یوم تشکر منایا جارہا ہے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)افواجِ پاکستان کی شاندار عسکری کامیابی، “معرکہ بنیان مرصوص” کی فتح پر آج ملک بھر میں یومِ تشکر ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز مساجد میں خصوصی قرآن خوانی اور استحکام پاکستان، ترقی و خوشحالی کی دعاؤں سے ہوا۔
ملک کے مختلف شہروں میں نمازِ فجر کے بعد خصوصی دعائیں کی گئیں، جن میں مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور شہداء کے بلند درجات کے لیے بھی دعائیں مانگی گئیں۔ مساجد میں علمائے کرام، عوام الناس اور افواجِ پاکستان کے جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور وطنِ عزیز کے تحفظ و دفاع کے عزم کو دہرایا۔
نمازِ تشکر کی ادائیگی کے بعد قرآن خوانی کا خصوصی اہتمام کیا گیا، جس میں معرکہ بنیان مرصوص کے ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور شہداء کی قربانیوں کو سلام عقیدت پیش کیا گیا۔
علما کرام نے اپنے خطابات میں اس بات پر زور دیا کہ افواجِ پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ان کا نصب العین ہے، اور پوری قوم اپنے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
یومِ تشکر: وفاقی دارالحکومت میں 31، صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی
معرکہ حق آپریشن “بنیان مرصوص” میں افواجِ پاکستان کی شاندار کامیابی کے اعتراف میں آج یومِ تشکر کی مناسبت سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں جبکہ تمام صوبائی دارالحکومتوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
اسلام آباد میں دن کا آغاز توپوں کی گھن گرج سے ہوا، جس نے پوری قوم کے دلوں میں فخر، عزم اور ملی یکجہتی کی نئی روح پھونک دی۔ اسی طرح لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، مظفرآباد اور گلگت میں بھی 21 توپوں کی سلامی سے یومِ تشکر کی تقریبات کا آغاز کیا گیا۔
اس موقع پر پاک فوج کے چاق چوبند دستوں نے سلامی پیش کی، اور ملک کے دفاع کے عہد کو ایک بار پھر دہرایا۔ جوانوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطنِ عزیز کی جانب اٹھنے والی ہر ناپاک نظر کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
پاکستان کی فضائیں “نعرۂ تکبیر، اللہ اکبر”، “پاکستان زندہ باد” اور “افواجِ پاکستان پائندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے توپوں کی سلامی کے مناظر دیکھے اور سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ملک بھر میں یادگار شہدا پر پھول رکھے جائیں گے اور دعائیہ تقریب منعقد ہوں گی۔ آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کے لواحقین سے خصوصی ملاقاتیں کی جائیں گی۔ یوم تشکر کی بڑی تقریب آج رات پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔
تقریب میں تمام مکاتب فِکر سے اہم شخصیات شرکت کریں گی۔ مہمان خصوصی وزیر اعظم محمد شہباز شریف ہوں گے جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہ بھی تقریب کا حصہ ہوں گے۔

WhatsApp
Get Alert