شاہد آفریدی کا ویرات کوہلی کو اہم مشورہ
کراچی (قدرت روزنامہ)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھارتی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی کو اہم مشورہ دے دیا۔روہیت شرما کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے بھارتی ٹیم کا کپتان مقرر کرنے پر شاہد آفریدی نے بی سی سی آئی کے فیصلے کی تعریف کی اور انکشاف کیا کہ انہیں اس طرح کے اعلان کی توقع تھی۔
شاہد آفریدی نے ایک نجی خبر رساں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’روہیت شرما کی ذہنیت انہیں ایک شاندار کھلاڑی بناتی ہے اور ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ دھواں دار بلے باز جہاں ضرورت ہو آرام سے رہتا ہے اور ضرورت پڑنے پر جارحیت کا مظاہرہ کرتا ہے۔‘
سابق کپتان نے کہا کہ ’میں نے روہیت شرما کے ساتھ ایک سال تک کھیلا ہے وہ شاندار شاٹ سلیکشن کے ساتھ ایک شاندار کھلاڑی ہیں۔‘دریں اثناء، شاہد آفریدی کو یہ بھی لگتا ہے کہ ویرات کوہلی کو تمام فارمیٹس میں کپتانی چھوڑ کر اپنی بیٹنگ پر توجہ دینی چاہیے۔
شاہد آفریدی نے کوہلی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’میرے خیال میں ویرات کوہلی کو صرف ایک کھلاڑی کے طور پر اپنا کیرئیر جاری رکھنے کا فیصلہ لینا چاہیے کیونکہ اس طرح اُن پر پریشر کم ہوگا۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’ویرات کوہلی اپنی کرکٹ اور بلے بازی سے لطف اندوز ہوں گے کیونکہ کسی ٹیم کی کپتانی کرنا آسان نہیں ہے، خاص کر بھارت اور پاکستان جیسے ممالک میں۔‘واضح رہے کہ ویرات کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے بھارت کے باہر ہونے کے بعد ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا اور انہیں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ہوم سیریز میں آرام دیا گیا ہے۔
ویرات کوہلی کی کپتانی چھوڑنے کے بعد روہیت شرما کو بھارتی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کا نیا کپتان بنا دیا گیا ہے۔