26 نومبر احتجاج کیس: پی ٹی آئی کارکنوں کی 2 مقدمات ٹرانسفر کرنے کی درخواست مسترد
پی ٹی آئی کارکنان کیخلاف 2 مقدمات جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل کی عدالت میں زیر سماعت ہیں

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے 26 نومبر احتجاج کیس میں 2 مقدمات ٹرانسفر کرنے کی درخواست مسترد کردی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ناصر جاوید رانا نے پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے دائر کی گئی مقدمات ٹرانسفر کرنے کی درخواستوں پر سماعت کی۔
پی ٹی آئی کارکنان کیخلاف 2 مقدمات جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل کی عدالت میں زیر سماعت ہیں۔
مدعی مقدمہ کے مطابق متعلقہ جج غیر ضروری جلد بازی اور قانونی معاملات کا مشاہدہ کئے بغیر کیس چلا رہے ہیں۔
فیصلہ کے مطابق مدعی مقدمہ کے وکلاء اپنا الزام ثابت کرنے میں ناکام رہے، عدالت کے اندر اسلام آباد ہائی کورٹ کا خط بھی پیش کیا گیا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے متعلقہ دفعات کے تحت درج مقدمات کو فاسٹ ٹریک پر چلانے کی ڈائریکشن دے رکھی ہے۔
سرکار کی جانب سے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹرز بیرسٹر فہد ارسلان چوہدری، محمدعثمان رانا ایڈووکیٹ، بیرسٹر منصور اعظم عدالت میں پیش ہوئے، پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے علی بخاری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
پی ٹی آئی کارکنان کیخلاف 2 مقدمات پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آڈر ایکٹ کے تحت تھانہ رمنا میں درج ہیں، جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل متعلقہ مقدمات میں 19 مئی کو سماعت کریں گے۔