پیپلز پارٹی بلوچستان کو اپنا گھر سمجھتی ہے۔ میر عبید گورگیج

پیپلز پارٹی جب اقتدار میں آکر ہمیشہ بلوچستان کو ترجیح دی گئی، رکن بلوچستان اسمبلی
پیپلز پارٹی عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے۔بلوچ عوام کے دکھ درد میں ہمیشہ شریک رہی ہے
کوئٹہ(قدرت روزنامہ )پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور رکن بلوچستان اسمبلی میر عبید گورگیج نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے بلوچستان کے عوام کے دکھ درد میں شریک رہی ہے اور پارٹی کی قیادت اس صوبے کو اپنا گھر سمجھتی ہے۔ وہ اپنی رہائش گاہ پر مختلف قبائلی عمائدین، سیاسی کارکنوں، نوجوانوں اور سماجی شخصیات پر مشتمل وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ میر عبید گورگیج نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے ہر دورِ اقتدار میں بلوچستان کو ترجیح دی، چاہے وہ ترقیاتی منصوبے ہوں، تعلیمی اداروں کا قیام ہو، روزگار کی فراہمی ہو یا احساس محرومی کا خاتمہ۔ پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر محترمہ بینظیر بھٹو اور اب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری تک، سب نے ہمیشہ بلوچستان کے عوام کو اپنا حصہ سمجھا اور ان کے مسائل کو قومی سطح پر اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ جماعت ہے جو غریب، متوسط طبقے، کسان، مزدور، اور طلبہ کی نمائندہ ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوام کے بنیادی حقوق کے لیے جدوجہد کی ہے۔ آج بھی جب ملک کو سیاسی استحکام اور اتحاد کی ضرورت ہے، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو تمام اکائیوں کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ میر عبید گورگیج نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بلوچستان کے عوام کی خدمت جاری رکھیں گے اور پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے ہر فورم پر ان کے حقوق کی آواز بلند کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ایک نیا سیاسی وژن ابھر کر سامنے آرہا ہے جو نوجوانوں کو بااختیار بنانے، تعلیم، صحت اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔ وفود نے بھی اس موقع پر میر عبید گورگیج کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار رہنما ہیں اور پیپلز پارٹی ہی اس وقت واحد جماعت ہے جو بلوچستان کے حقوق کا تحفظ کرسکتی ہے۔