راولپنڈی: ٹیکس حکام نے عمارت سیل کرکے تالے لگادیے، بینک اور جِم میں شہری پھنس گئے

ایڈیشنل سی ای او نے متعلقہ ایل ڈی سی احسان اللہ کو معطل کردیا، چارج شیٹ جاری


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی نے انوکھی ٹیکس ریکوری مہم میں بلڈنگز مالک کے ڈیفالٹر ہونے پر بینک میں شہریوں اور اسٹاف اور لیڈیز جم میں خواتین کی موجودگی کے باجود عمارت کو سربمہر کردیا، ٹیکس ریکوری ٹیم کے انچارج کو معطل کردیا گیا۔
راولپنڈی کینٹ کے علاقے رینج روڈ پر ایک پرائیویٹ بلڈنگ جو ٹیکس نادہندہ تھی اس میں ایک نجی بینک اور ایک فلور پر لیڈیز جم قائم تھا بلڈنگ مالک کی جانب سے کنٹونمنٹ ٹیکس ریکوری ٹیم سے کہا گیا کہ اس ایک روز کی مہلت دی جائے وہ اپنے ذمہ ٹیکس ادا کردے گی۔
ٹیکس ریکوری ٹیم کی قیادت ایل ڈی سی احسان اللہ نے کی جنہوں ںے مہلت دینے سے نہ صرف انکار کردیا بلکہ نامناسب رویہ اپناتے ہوئے بلڈنگ کو سیل کردیا اور باہر سے تالے لگادیے۔
بلڈنگ میں قائم بینک میں اُس وقت شہری موجود تھے اور بلڈنگ کے ایک فلور پر لیڈیز جم قائم ہے جس میں خواتین ایکسر سائز کررہی تھیں شہریوں اور خواتین کو باہر نکلنے کا موقع نہیں دیا گیا۔
یہ دیکھ کر بعض مقامی افراد اور بلڈنگ مالک نے کنٹونمنٹ بورڈ دفتر پہنچ کر صورتحال سے اتھارٹی کو آگاہ کیا جس پر ایڈیشنل سی ای او حیدر شجاع نے فوری طور پر سر بمہر بلڈنگ کو کھلوا کر وہاں بند افراد کو باہر نکلنے کا موقع فراہم کیا۔
ایڈیشنل سی ای او نے متعلقہ ایل ڈی سی احسان اللہ کو معطل کردیا اور اسے مس کنڈکٹ کا مرتکب قرار دے کر اس کے خلاف محکمانہ کارروائی کے لیے چارج شیٹ جاری کردی۔