ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی، کراچی میں آج درجہ حرارت 38 ڈگری رہنے کی پیشگوئی


کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، اسلام آباد میں درجہ حرارت ہفتے کے اختتام تک 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے جہاں آج صبح کا آغاز 27 ڈگری سے ہوا اور دوپہر تک درجہ حرارت 30 ڈگری کو چھو چکا تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر اقتدار میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 48 فیصد تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ملک بھر میں گرمی کی شدت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، خاص طور پر سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے علاقوں میں جہاں درجہ حرارت موسمی اوسط سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بالائی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں یہ اضافہ 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
ملک کے گرم ترین علاقوں میں تربت کا درجہ حرارت آج 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے ج کہ نوکنڈی، دادو، سکھر اور ڈیرہ غازی خان میں درجہ حرارت 49 ڈگری تک جا سکتا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان، نوابشاہ، ملتان، بہاولپور اور سبی میں درجہ حرارت 47 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔
کراچی میں آج درجہ حرارت 38 ڈگری رہنے کی پیش گوئی ہے جبکہ کوئٹہ اور گوادر میں 40 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔
راولپنڈی میں درجہ حرارت 41، لاہور اور حیدرآباد میں 43، پشاور اور بنوں میں 45، اور فیصل آباد، سرگودھا اور ساہیوال میں 46 ڈگری تک جانے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے ملک بھر کے بیشتر علاقوں کے لیے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی 20 مئی تک برقرار رہ سکتی ہے۔
شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ دوپہر کے وقت گھروں میں رہیں، پانی کا استعمال زیادہ کریں، اور دھوپ میں جانے سے حتیٰ الامکان گریز کریں تاکہ گرمی سے متعلق بیماریوں سے بچا جا سکے۔