ایس بی کے بھرتیاں، ڈی ای او خضدار کا وزیراعلی، سیکریٹری تعلیم و کمشنر کے احکامات ماننے سے انکار، متاثر امیدواران

خضدار(قدرت روزنامہ)خضدار میں ایس بی کے (SBK) بھرتیوں کے حوالے سے ایک تنازعہ سامنے آیا ہے، جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او) خضدار پر وزیراعلیٰ بلوچستان، سیکریٹری تعلیم اور کمشنر قلات ڈویژن کے احکامات کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ متاثرہ امیدواروں کے مطابق، ڈی ای او نے ایک ہفتہ قبل خفیہ طور پر بھرتیوں کی فہرست جاری کی، حالانکہ اس سے قبل کمشنر قلات ڈویژن اور سیکریٹری تعلیم نے ان بھرتیوں پر شفاف تحقیقات کے بعد احکامات جاری کیے تھے کہ بعض امیدواروں کے آرڈرز روکے جائیں۔ متاثرہ امیدواروں نے وزیراعلیٰ کے شکایتی پورٹل پر بھی اپنی شکایات درج کروائیں، جس پر وزیراعلیٰ ہاؤس سے فون کالز بھی موصول ہوئیں اور بتایا گیا کہ ڈی ای او نے اپنی غلطی کا اعتراف کیا ہے۔ تاہم، اس کے باوجود ڈی ای او نے ایک چھٹی کے دن خفیہ طور پر نئی فہرست جاری کی، جس میں ان امیدواروں کو شامل کیا گیا جن کے آرڈرز روکے گئے تھے۔ جب اس پر وضاحت طلب کی گئی تو ڈی ای او نے کہا کہ انہیں تاحال سیکریٹری تعلیم کے دفتر سے سی آر سی کے منٹس موصول نہیں ہوئے۔ متاثرہ امیدواروں نے میڈیا سے بھی رابطہ کیا، لیکن ڈی ای او خضدار نے میڈیا نمائندوں کو کوئی جواب نہیں دیا۔ اب متاثرہ امیدواروں نے وزیراعلیٰ اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈی ای او کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
ماخذ