حکومت کے خلاف تحریک چلا کر پی ڈی ایم خود کو ہی تھکائے گی، شیخ رشید

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت کے خلاف تحریک چلا کر خود کو ہی تھکائے گی۔
شیخ رشید نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حزب مخالف کے اتحاد پی ڈی ایم کو احتجاجی تحریک میں وارم اپ میں 6 ماہ لگیں، دھرنے کا اصل وقت وہ تھا جب فضل الرحمان اسلام آباد آئے تھے، اب تو اپنے آپ کو خوار کریں گے، اتحادی کہیں نہیں جارہے، جب بھی کوئی ایشو آتا ہے لوگ مطالبے منوانے کی بات کرتے ہیں، مطالبے منوانے کے لئے کچھ نہ کچھ کرناہوتا ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، ساڑھے تین سال ہوگئے، اب تو اپوزیشن الیکشن مہم چلارہی ہے، جلسے جلوس کرنا اپوزیشن کا حق ہے، مجھے ان سے گلہ ہے کہ بڑی دیر سے شروع کیا، اب تو یہ الیکشن مہم ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹی ایل پی کے ساتھ ہونے والے معاہدے میں شامل نہیں تھا، ٹی ایل پی کے ساتھ طے ہونے والے معاملات چند دن میں سامنے آجائیں گے، میں نے سعد رضوی سے خود کہا کہ یہ وزارت مذہبی امور اور پنجاب حکومت کا معاملہ ہے، ٹی ایل پی کو پنجاب حکومت کے کہنے پر وزارت داخلہ نے کالعدم قرار دیا تھا، انہی کی درخواست پر پابندی واپس لی۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور فواد حسن فواد پہلے سے ای سی ایل پر ہیں، انہوں نے ای سی ایل سے نکلنے کے لیے درخواست نہیں دی، نیب نے ایک اور کیس دو ہفتے پہلے بھیجا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے پڑوس افغانستان میں جو صورتحال ہے اسکے اثرات بھی پاکستان پر ہوں گے، یہ نہیں ہو سکتا 4 کروڑ لوگوں میں بھوک اور ننگ ہو اور اس کے اثرات پاکستان پر نہ ہو، ملکی معیشت بڑے امتحان سے گزر رہی ہے، ہمارا ایک ہی مسئلہ ہے مہنگائی۔انہوں نے مزید کہا کہ کوشش ہے اسی ماہ ایک ہزار پولیس والے بھرتی کریں، 1122 کیلئے پنجاب کیساتھ ایم او یو کر رہے ہیں۔