موجودہ حکومت چوری کے ووٹوں سے آئی ہے، مولانا فضل الرحمن
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت چوری کے ووٹوں سے آئی ہے۔پی ڈی ایم کے تحت مہنگاٸی کے خلاف کراچی میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں جس میں مولانا فضل الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کی یہ حالت ہو چکی ہے کہ پارلیمنٹ لاجز کے سامنے لوگوں نے اپنے بچے برائے فروخت کے بورڈ لگا رکھے ہیں، بچوں کو زہر دینے کے بعد ماں باپ خودکشی کرتے ہیں کہاں تک پہنچ گئے ہم لوگ، یہ حکومت چوری کے ووٹوں سے آئی ہے یہ حکومت نالائق ہے نا اہل ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ناپاک، ناجائز حکمرانوں کو اگر بحر عرب میں غرق نہ کیا تو پاکستان کی بقاء کا سوال کھڑا ہوگا، ہم بھیک مانگ کر دن رات گزار رہے ہیں، در در کی ٹھوکریں کھانے سے موجودہ حکمرانوں کی وجہ سے 22 کروڑ عوام کی رسواٸی ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ نا اہل حکمرانوں کو حکومت کرنے کا حق نہیں ہے، آج ہر کوئی مایوسی کی طرف جارہا ہے، اگر آج سیاسی قیادت نے اپنا کردار ادا نہ کیا تو پوری قوم سیاست سے مایوس ہو جائے گی، ہم اداروں سے بھی کہنا چاہتے ہیں کہ حقائق کو جانیئے، جن سے غلطی ہوئی ہے وہ قوم سے معافی مانگے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ پی ڈی ایم پاکستان کی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہے، یہ جدوجہد جاری رہے گی۔