پی ڈی ایم آئین کی بالادستی چاہتی ہے ، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم آئین کی بالادستی چاہتی ہے۔سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاجی مظاہرے کا واحد مقصد یہ ہے کہ عوام کے بغیر ووٹوں سے آئی حکومت کو ہٹانا ، جس نے عوام کو تکلیف میں مبتلا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم آئین کی بالادستی کی بات کرتی ہے ، پی ڈی ایم اقتدار میں حصے کی بات نہیں کرتی ، احتجاجی مظاہرے میں ایوانوں میں موجود آٹھ جماعتوں کے نمائندے موجود ہیں ، تمام جماعتیں متفق ہیں کہ تمام ادارے آئین کے مطابق کام کریں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے ، عوام اس نظام کو قبول کرنے کے لئے تیار نہیں ہے ، 2018 میں الیکشن چوری کیا گیا ، عوام کی رائے کا احترام نہیں کیا گیا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ موجودہ حکمران مہنگائی کی بات نہیں کرتے ، مہنگائی سے ہر شخص پریشان ہے ، مہنگائی کی وجہ 2018 کے الیکشن کی چوری ہے ، وزیر اعظم کہتے ہیں کہ دنیا بھر میں مہنگائی بڑھی ہے ، وزیر اعظم صاحب ہم لندن میں نہیں پاکستان میں رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ بتائیں 30 روپے کا آٹا 80 روپے میں کیوں فروخت ہورہا ہے ، عوام مہنگائی بے روزگاری سے پریشان ہے ، تمام مسائل کا واحد حل فوری شفاف انتخابات ہیں ، پچاس روپے کی چینی 150 روپے میں فروخت کیوں ہو رہی ہے؟