دیکھئے ویڈیو: متنازع ٹک ٹاکر رجب بٹ کی غنڈا گردی، سرعام نوجوان کو پیٹ ڈالا


لاہور (قدرت روزنامہ)متنازع ٹک ٹاکر رجب بٹ نے لاہور میں دن دہاڑے ساتھیوں کے ہمراہ ایک نوجوان کو سر عام پیٹ ڈالا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رجب بٹ ایک سفید گاڑی میں بیٹھے نوجوان کو زدوکوب کر رہے ہیں جبکہ ان کے دو ساتھی بھی اس پر تشدد میں ملوث دکھائی دیتے ہیں۔
بعد ازاں متاثرہ نوجوان، جس کی شناخت عمران کے نام سے ہوئی ہے، نے تھانہ ستوکتلہ میں رجب بٹ کے خلاف درخواست جمع کروائی۔ عمران کا کہنا تھا کہ ایک موٹرسائیکل سوار ان کی گاڑی کے آگے زیگ زیگ چلا رہا تھا، جس پر انہوں نے آواز دے کر اسے رکنے کا کہا۔
متاثرہ نوجوان نے پولیس کو دیے گئے بیان میں مزید بتایا کہ اسی دوران رجب بٹ اور ان کے ساتھیوں نے اپنی گاڑی آگے روک کر کسی بات چیت کے بغیر ہی ان پر حملہ کر دیا۔

عمران کے مطابق انہوں نے سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد یہ شکایت درج کروائی۔
بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے تناظر میں ٹک ٹاکر رجب بٹ نے متاثرہ شخص عمران سے معافی مانگ لی اور پولیس نے بتایا کہ متاثرہ فریق نے شکایت واپس لے لی ہے۔
لاہور پولیس کا کہنا تھا کہ رجب بٹ نے متاثرہ شہری سے معافی مانگ لی ہے اور معاملے کو غلط فہمی قرار دیا ہے۔ پولیس کے مطابق متاثرہ عمران نے رجب بٹ کو معاف کر دیا ہے اور شکایت واپس لے لی ہے۔