کراچی میں موسم شدید گرم، درجہ حرارت کیا رہے گا؟
سمندری ہواؤں کے ساتھ شہر میں مغربی سمت کی ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

کراچی(قدرت روزنامہ)شہر قائد میں اگلے 3 روز کے دوران موسم گرم و مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر پیش گوئی کے مطابق کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک تجاوز کرسکتا ہے۔
شام کے وقت نمی کا تناسب 65 تا 75 فیصد رہنے کے سبب اصل درجہ حرارت سے زائد گرمی محسوس ہو سکتی ہے جبکہ سمندری ہواؤں کے ساتھ شہر میں مغربی سمت کی ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔
ہائی پریشر کا بالائی ماحول کو اپنی گرفت میں رکھنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے 20 مئی تک صوبے کے بیشتر علاقوں میں ہیٹ ویو کا امکان ہے۔
اس کے زیر اثر دادو، شہید بے نظیر آباد، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، لاڑکانہ اور سکھر میں دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 4 تا 6 زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
بدین، تھرپارکر، عمرکوٹ اورحیدرآباد اضلاع میں زیادہ سے زیادہ پارہ معمول سے 3 تا 5 زیادہ ریکارڈ ہو سکتا ہے۔
صوبے میں ہیٹ ویو کی صورتحال کے باعث بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ دن کے وقت براہ راست سورج کی روشنی سے بچیں اور پانی کا استعمال زیادہ رکھیں۔