دہشت گردی کے خلاف جنگ بلا شبہ قومی سلامتی کی جنگ ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلعہ عبداللہ کے علاقے گلستان مارکیٹ میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بزدلانہ کارروائی امن دشمن عناصر کی کارستانی ہے جس کا مقصد بلوچستان کے پُرامن ماحول کو خراب کرنا ہے یہاں جاری ایک بیان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ معصوم اور بے گناہ شہریوں کی شہادت پر دل شدید رنجیدہ ہے اور حکومت بلوچستان اس دکھ کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے وزیر اعلیٰ نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے غم میں ہم برابر کے شریک ہیں اور متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے انہوں نے زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور تمام دستیاب وسائل کے تحت بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ بلا شبہ قومی سلامتی کی جنگ ہے، جس میں پوری قوم متحد ہے انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگردوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور ان کے خلاف کارروائی آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گی میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ گلستان دھماکے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور بلوچستان کے امن کو ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔