آرمی چیف کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ملنا قوم کے لیے اعزاز ہے، حاجی ولی محمد نورزئی

جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں ملکی دفاع مزید مضبوط ہوا، ترقی پر پوری قوم کو مبارکباد دیتا ہوں،پارلیمانی سیکرٹری
کوئٹہ(قدرت روزنامہ )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن بلوچستان اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے سماجی بہبود حاجی ولی محمد نورزئی نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے اعلی ترین عہدے پر ترقی ملنے پر پورے قوم کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے ملکی تاریخ کا ایک سنہری باب قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے دہشتگردی، انتشار اور بیرونی سازشوں کے خلاف جس حکمت، حوصلے اور کامیابی سے کردار ادا کیا، وہ قابلِ فخر ہے۔ ان کی اصولی قیادت، غیرمتزلزل عزم اور قومی سلامتی کے لیے غیرمعمولی خدمات نے انہیں اس عظیم اعزاز کا مستحق بنایا۔حاجی ولی محمد نورزئی نے کہا کہ فیلڈ مارشل کا عہدہ محض ایک فوجی رینک نہیں بلکہ یہ پوری قوم کے اعتماد، یکجہتی اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنرل عاصم منیر جیسے نڈر، باکردار اور قومی نظریے سے سرشار سپہ سالار کی موجودگی میں ملک کا مستقبل محفوظ اور روشن ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز درحقیقت ان تمام شہدا اور غازیوں کو بھی خراجِ عقیدت ہے جنہوں نے مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے قربانیاں دیں۔ حاجی ولی محمد نورزئی نے اس ترقی کو پاکستان کے لیے نیک شگون قرار دیا اور کہا کہ افواجِ پاکستان کے ساتھ قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔