بم بنانے کی ترکیب آن لائن سرچ کرنا لاہور کے شہری کو مہنگا پڑگیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے آن لائن بم بنانے کی ترکیب تلاش کرنے پر ایک شخص ڈھائی سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی۔
پرو پاکستانی کی رپورٹ کے مطابق مجرم حنان عبداللہ ضمانت پر تھا تاہم فیصلہ سنائے جانے کے فوراً بعد اس کو عدالت کے احاطے سے حراست میں لے لیا گیا۔
ایف آئی اے نےحنان عبداللہ کے خلاف سنہ 2022 میں مقدمہ درج کیا تھا جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ وہ فیس بک پر دھماکہ خیز آلات بنانے کے طریقے تلاش کر رہے تھا۔
اے ٹی سی کے انتظامی جج منظر علی گل نے منگل کو فیصلہ سناتے ہوئے حنان عبداللہ کو لاہور کی کوٹ لکھپت جیل منتقل کرنے کا حکم دیا۔
استغاثہ نے الزام لگایا تھا کہ حنان فیس بک کے ذریعے عسکریت پسندوں سے رابطہ کرتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک دہشتگرد تنظیم کے ارکان سے بھی رابطے میں تھا۔
تفتیش کاروں کے جمع کردہ شواہد کی بنیاد پر استغاثہ نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ وہ حنان کو قرار واقعی سزا سنائے۔