زندہ قومیں اپنے محسنوں کی عزت کرتی ہیں، خواجہ آصف کا آرمی چیف کو فیلڈ مارشل بنائے جانے پر بیان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی فیلڈ مارشل کے عہدہ پہ ترقی قوم کی طرف سے ان کی آپریشن بنیان مرصوص کی بے مثال قیادت کی کامیابی کا اعتراف ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ جنرل عاصم منیر قوم کے محسن ہیں اور زندہ قومیں اپنے محسنوں کی سدا عزت و تکریم کرتی ہیں۔
خواجہ آصف نے کہاکہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد سدھو نے اپنے شاہینوں کے ہمراہ نہ صرف وطن کی فضاؤں کو ناقابل تسخیر بنا دیا بلکہ دشمن کے طیاروں کا شکار کھیلا اور ان کی فضاؤں کو ویران کردیا۔
وزیر دفاع نے کہاکہ بڑے بڑے نامی گرامی طیارے کٹی پتنگوں کی مانند زمین پہ گرے، ان کی خدمات کا مدت عہدہ کے بعد جاری رہنا قوم کا ان کی بہادری اور کامیابی کا اعتراف ہے، قوم ان کی احسان مند ہے۔
واضح رہے کہ حکومت نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی ہے، جبکہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت مکمل ہونے کے باوجود ان کی خدمات جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔