سابق صدر عارف علوی اور اہلخانہ کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے پر فریقین سے 5جون تک جواب طلب

کراچی(قدرت روزنامہ)سندھ ہائیکورٹ نے سابق صدر عارف علوی اور اہلخانہ کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے پر فریقین سے 5جون تک جواب طلب کرلیا۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں سابق صدر عارف علوی اور اہلخانہ کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی،وکیل درخواستگزار بیرسٹر علی طاہر نے کہاکہ سابق صدر عارف علوی، انکی اہلیہ اور بچوں کے بینک اکاؤنٹس منجمد کردیئے گئے ہیں،ایف آئی اے نے انکوائری کی بنیاد پر پوری فیملی کے بینک اکاؤنٹس منجمد کئے، عدالت نے کہاکہ فریقین کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیتے ہیں،وکیل درخواستگزار نے کہاکہ پوری فیملی کے اکاؤنٹس منجمد کرنے سے روز مرہ کے اخراجات پورے کرنے مشکل ہو گئے ہیں، عدالت نے کہاکہ آپ کو بھی تو فیس کی ادائیگی کی گئی ہوگی،وکیل درخواست گزار نے کہاکہ یہ کیسز بغیر فیس کے لڑ رہا ہوں،عدالت نے کہاکہ فریقین کے جواب آنے دیں پھر دیکھتے ہیں،عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 5 جون تک جواب طلب کرلیا۔