نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر مسافر کو تھپڑ مارنا اے ایس ایف اہلکارکو مہنگا پڑگیا، نوکری ہی خطرے میں پڑگئی

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر سعودی عرب جانے والے مسافر کو فیملی کے سامنے تھپڑ مارنے والے ائیر پورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے اہلکار کو معطل کردیا گیا مذکورہ اہلکار کے خلاف محکمانہ کاروائی کی ہدایت کردی گئی ہے سعودی عرب روانگی کے لئے ائیرپورٹ پہنچنے والے مسافر کے ساتھ تلخ کلامی اس وقت ہوئی جب وہ ائیر پورٹ پر رش کے باعث بیوی بچوں کے ہمراہ سٹاف کے لئے مختص راستے سے اندر جانے لگا اس دوران اسے روکنے پر معاملہ تکرار سے تلخ کلامی تک پہنچ گیا جس سے نوبت جھگڑے پر آگئی تاہم اے ایس ایف حکام نے مسافر سے تحریر لکھوانے کے بعد سعودی عرب روانگی کی اجازت دے دی.
اطلاعات کے مطابق جدہ جانے والی پرواز ایس وی 723 کا مسافر جاوید احمد پاکستان میں چھٹیاں گزارنے کے بعد اپنے بیوی بچوں کے ہمراہ صبح سات بجے سعودی عرب جانے کے لئے ائیرپورٹ پہنچا انڑنیشنل ڈیپارچر لاونج کے انٹری گیٹ پر اے ایس ایف کے عملے اور مسافر کے مابین اچانک تکرار کے بعد جھگڑا شروع ہوگیا جس سے ائیرپورٹ پر شور مچ گیا مسافر کے ساتھ موجود فیملی اور بچوں نے رونا شروع کردیا اس دوران اے ایس ایف کے اے ایس آئی ضیا نے مسافر کو تھپڑ رسید کردیا اور مسافر کو کنٹرول روم لے گئے اس دوران واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے سے سینئر حکام موقع پر پہنچ گئے.
مسافر کی جانب سے ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کے عملے پر نازیبا زبان استعمال کرنے اور ہاتھ اٹھانے کا الزام عائد کیاگیا تاہم دونوں جانب کا موقف سن کر مسافر کی جانب سے معاملہ غلط فہمی کے باعث پیش آنے کی تحریر دینے پر نمٹا دیا معاملہ نمٹائے جانے پر مسافر بھی بچوں اور فیملی کے ساتھ پرواز کے زریعے روانہ ہوگیا اے ایس ایف حکام کے مطابق مسافر رش کے باعث سٹاف گیٹ سے لاونج میں داخل ہونا چاہتا تھا سٹاف گیٹ صرف ائیرپورٹ پر تعینات سٹاف اور دیگر فنکشنریز کے لئے مختص ہوتا ہے سٹاف گیٹ استمال کرنے کی ضد پر مسافر کو روکا گیا تو تلخ کلامی ہوئی تاہم بعد میں معاملہ رفع دفع کرادیا گیا اور مسافر فیملی سمیت روانہ ہوگیا.
ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ اے ایس ایف حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے ابتدائی رپورٹ کے مطابق واقعے میں ملوث اہلکار کو معطل کر دیا گیا ہے وزارت داخلہ اور سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مکمل تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ متاثرہ فیملی کو قانونی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، اور حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے.