درجہ حرارت میں اضافے اور ہیٹ ویو بارے الرٹ جاری، گرمی کی شدید لہر کتنے دن جاری رہے گی؟ جانیے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ )محکمہ موسمیات نے خبر دار کیا ہے کہ ملک کے بیشتر میدانی علاقے 4 روز شدید گرمی کی لہر کے زیر اثر رہیں گے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 24 مئی کے دوران سندھ ،جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 04 سے 06 ڈگری سینٹی گریڈزیادہ رہنے کا امکان ہے ۔
اس دوران وسطی، بالائی پنجاب،اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں درجہ حرارت معمول سے 05 سے 07 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے ۔گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو اور جیکب آباد میں 48ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اس کے علاوہ لاڑکانہ، روہڑی، سبی 46 ،پشاور43،لاہور،ملتان،فیصل آباد،مظفر آباد41،اسلام آباد39،کوئٹہ36،کراچی35اور گلگت میں 34ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے درجہ حرارت میں اضافے اور ہیٹ ویو بارے الرٹ جاری کر دیا ۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گرمی کی لہر کے باعث میدانی علاقوں میں بعض مقامات پر تیز ہوا اور آندھی کے امکانات بھی ہیں، وزیر اعلی پنجاب کے احکامات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے، انتظامیہ عوامی مقامات پر صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ ہسپتالوں اور موبائل ہیلتھ یونٹس میں ہیٹ سٹروک سے متعلق ابتدائی طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے، گرمی اور لو کی شدت میں اضافے سے عوام الناس کو بھی محتاط رہنا ہو گا، دوپہر کے وقت کام کرنے والے لو سے بچنے کا اہتمام کریں۔
علاوہ ازیں ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے صوبہ بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سمیت متعلقہ محکمے متوقع ہیٹ ویو کے پیش نظر الرٹ رہیں۔عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا ہے کہ ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں، سر ڈھانپ کر رکھیں، بچوں اور بزرگوں کا خاص خیال رکھیں جبکہ غیر ضروری سفر سے بھی گریز کریں۔ ادھر پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے صوبے میں شدید گرمی کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے ) کے مطابق صوبے میں20 سے24 مئی کے دوران شدید گرمی متوقع ہے اور اس حوالے سے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا ۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق دن میں درجہ حرارت معمول سے5 تا 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہونے کا امکان ہے، اس دوران گرد آلود تیز ہواں کا خدشہ ہے جب کہ ہیٹ اسٹروک کا امکان بھی موجود ہے۔پی ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ آگاہی مہم کے ذریعے لوگوں کو گرمی کی لہر سے باخبر رکھا جائے، بزرگ اور بچے صبح 10 سے شام 5 تک براہ راست سورج میں نہ نکلیں۔ پی ڈی ایم اے حکام کے مطا بق بالائی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتارمیں اضافہ ممکن ہے۔