پی ایس ایل10 میں کیچز ڈراپ کرنے کا مقابلہ، کونسی ٹیم سب سے آگے؟
مجموعی طور پر ایونٹ میں ابتک 124 کیچز ڈراپ ہوئے

لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن میں پلے آف میچز کے آغاز سے قبل ٹیموں نے 124 کیچز ڈراپ کردیے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ٹوئٹ کرتے ہوئے سابق کپتان راشد لطیف نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن میں ٹیموں کی جانب سے کیچز ڈراپ کرنے کے اعداد و شمار شیئر کیے جس نے مداحوں کو حیران کردیا۔
سابق کپتان کی جانب سے شیئر کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملتان سلطانز نے رواں سیزن سب سے زیادہ 25 کیچز چھوڑے اور 10 میچز میں محض ایک فتح حاصل کی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فیلڈرز نے 22، لاہور قلندرز اور کراچی کنگز نے یکساں طور پر 20، 20 کیچز ڈراپ کیے۔
اسی طرح دفاعی چیمپئن اسلام آباد نے 19 مواقع دے کر حریف بیٹرز کو اننگز جاری رکھنے کی اجازت دی۔
ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ سے باہر ہونیوالی بابراعظم کی پشاور زلمی نے سب سے کم 18 کیچز چھوڑے۔