ہزارہ ٹائون کے عوام پر مسلط خود ساختہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ قابل مذمت ہے ،ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی

کوئٹہ ( قدرت روزنامہ)ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کی ضلعی کونسل کے بیان میں ہزارہ ٹاون کے عوام پر مسلط خود ساختہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سریاب اور شیخ ماندہ گرڈ اسٹیشنز کے فیڈرز سے ہزارہ ٹاون کی کثیر آبادی کو بجلی کی فراہمی تعطل کا شکار ہے۔ ہزارہ ٹاون اور غازی فیڈرز کو اوور لوڈنگ کے بہانے عملا بند کردیا گیا ہے، سریاب گرڈ سے ہزارہ ٹاون کیلئے منظور شدہ فیڈر تیار ہونے کے باوجود کئی مہینوں سے فعال نہیں کیا جارہا ہے، متعلقہ ایس ڈی او تمام صورتحال سے لاعلمی ظاہر کررہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شدید گرمی میں ہزارہ ٹاون کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، سو فیصد بلوں کی ادائیگی کے باوجود خود ساختہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نا انصافی ہے،گریڈ سے معلوم کرنے پر پتا چلتا ہے کہ فیڈر تو چل رہا ہے مگر ہمارے علاقے کو اوور لوڈنگ کے بہانے سے ٹی آف کو کاٹا جاتا جو مسلسل 12 سے 18 گھنٹے بند رہتا ہے۔ بیان میں سریاب سب ڈویژن کے ہزارہ ٹاون کیلئے غیر زمہ دار ایس ڈی او کو فی الفور معطل کرنے،علاقے میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور ہزارہ ٹاون کیلئے دو نئے منظور شدہ فیڈرز(شیخ ماندہ گرڈ)اور (سریاب گرڈ) سے فیڈرز کو فعال کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔