پاکستانی شہری کے دہشتگردی میں ملوث ہونے کا ثبوت دیں تو ہم خود کارروائی کریں گے: ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہاہے کہ پاکستانی شہری کے دہشتگردی میں ملوث ہونے کا ثبوت دیں تو ہم خود کارروائی کریں گے، دہشتگردوں کا نہ کوئی مذہب ہوتا ہے، نہ عقیدہ، نہ انسانیت سے کوئی تعلق ہے، ، صدر ٹرمپ کی قیادت کو کریڈٹ دینا چاہیے اور یہ قابلِ تعریف ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی ) کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان ایٹمی جنگ محض بیوقوفی ہو گی، یہ راستہ دونوں ممالک کے لیے باہمی تباہی کا باعث بن سکتا ہے، جوہری جنگ کو ناقابل تصور اور نا معقول خیال ہونا چاہیے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہناتھا کہ بھارت اپنے بیانیے کی وجہ سے آگ سے کھیل رہا ہے، تنازع موجود ہے جس میں کسی بھی وقت چنگاری ڈالی جا سکتی ہے، بھارت گھمنڈ کا شکار ہے، اور جھوٹے بیانے کو فروغ دے رہا ہے، بھارت فوجی تصادم کیلئے ماحول بنانے کی کوشش کر رہا ہے، جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان ہر وقت اس کے لیے تیار ہے، پاکستان امن کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ کشیدگی میں پاکستان نے بالغ نظری کا ثبوت دیا، دنیا اب جان چکی ہے کہ بھارتی بیانیہ بے بنیاد ہے، ہر چند سال بعد ایک جھوٹا بیانیہ گھڑا جاتا ہے، بھارت میں کوئی بھی پہلگام کے واقعے سے متعلق سخت سوالات نہیں کر رہا، بھارتی ریاست کو ایک دہشتگرد اور ایک دہشتگردی کے واقعے نے یرغمال بنا لیا ہے، پاکستان میں امن کا جشن منا رہے ہیں لیکن ہم ہمیشہ جنگ کے لیے تیار رہتے ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ ہم نے جواب دیا تو ان کا فوجی ترجمان آن ریکارڈ آکر کہا کہ وہ جنگ کو مزید بڑھانا نہیں چاہتے، ہم نے واضح کر دیا کہ ہم صرف اسی وقت بات کریں گے جب اپنا جواب دے چکے ہوں گے،7 مئی کو بھارتی ڈی جی ایم او نے ہم سے رابطہ کرکے بات چیت کی خواہش کا اظہار کیا۔ جو بیرونی قوتیں ملوث تھیں، ان کی بھی یہی خواہش تھی، صدر ٹرمپ کی قیادت کو کریڈٹ دینا چاہیے اور یہ قابلِ تعریف ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ جب بھی ان کا کراس سیکشن ریڈار ڈرون داخل ہوتا ہے، ہمیں فوراً معلوم ہو جاتا ہے، ہم اپنی انٹیلیجنس کے لیے انڈین ذرائع پر انحصار نہیں کرتے، پاکستان کو پیشگی اطلاع دینے کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی شہری کے دہشتگردی میں ملوث ہونے کا ثبوت دیں تو ہم خود کارروائی کریں گے، دہشتگردوں کا نہ کوئی مذہب ہوتا ہے، نہ عقیدہ، نہ انسانیت سے کوئی تعلق، چند گھنٹوں میں دہشت گردوں کے کیمپوں کا نشان مٹانا ممکن نہیں، میڈیا کو اگلے دن ان جگہوں پر لے جایا گیا، بہاولپور، مریدکے اور مظفرآباد میں جن جگہوں کو نشانہ بنایا، وہ تمام مساجد تھیں۔